ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا کے صارفین کے خلاف کیس درج کرنے پر سی پی ایم نے کی تنقید

جموں و کشمیر میں سوشل میڈیا کے صارفین کے خلاف کیس درج کرنے پر سی پی ایم نے کی تنقید

Tue, 18 Feb 2020 17:49:22    S.O. News Service

نئی دہلی،18/فروری(آئی این ایس انڈیا) سی پی ایم نے جموں وکشمیر میں سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والے کچھ لوگوں کے خلاف ایف آئی آر (ایف آئی آر) درج کئے جانے کو لے کر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک طرف تو  جموں و کشمیر میں عام حالات بحال ہونے کے جھوٹے دعوے کرتی ہے اور دوسری طرف وہ انٹرنیٹ کا استعمال کرنے پر لوگوں کے خلاف ایف آئی آردرج کر رہی ہے۔

سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے منگل کو کہا کہ انٹرنیٹ کا استعمال کرنا لوگوں کا حق ہے، ایسے میں لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا قابل مذمت ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا کے استعمال پر روک لگانے سے متعلق مقامی انتظامیہ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیر کو ایف آئی آر درج کی تھی۔مقامی انتظامیہ نے 14 جنوری کو جاری حکم میں تمام سوشل میڈیا ویب سائٹ کے استعمال پر پابندی لگادی تھی جس سے اس علاقے میں غلط معلومات پھیلانے میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔یچوری نے ٹویٹ کر کہاکہ حکومت نے کچھ منتخب غیر ملکیوں کو کشمیر کے دورے کے لئے منتخب کرکے اس علاقے میں حالات بحال ہونے کے جھوٹے دعوے کئے ہیں۔وہیں ہندوستانی  لیڈروں کو وہاں جانے سے روکا گیا اور سوشل میڈیا کے استعمال کرنے والے مقامی لوگوں کے خلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت معاملے درج کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ کا استعمال کرنا تمام ہندوستانی شہریوں کا حق ہے۔ حکومت اور اس کی سوچ شرمناک ہے۔


Share: